155

رائیونڈمرکز میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں کتنا اضافہ ہو گیا؟ ہوشربا اعداد و شمارجاری

لاہور (نیوزڈیسک) پاکستان میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے صوبے پنجاب کی حکومت نے نئے اعداد و شمار جاری کردیے۔پنجاب حکومت کے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈی ہیلتھ کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 2656 ہوگئی ہے ۔ پنجاب میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر تبلیغی جماعت کے اراکین ہوئے ہیں جن کی تعداد 864 بتائی گئی ہے۔ ایران سے آنے والے 701 زائرین اب تک کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ جیلوں کے 89 قیدی اور 1002 عام شہریوں میں کورونا کی تصدیق ہوچکی ہے۔تبلیغی جماعت سے وابستہ افراد میں سے کورونا کے تصدیق شدہ 462 مریض اس وقت رائیونڈ میں ہیں ۔ بھکر میں 61، مظفر گڑھ میں 52، وہاڑی میں 37، سرگودھا میں 35،افظ آباد میں 35 تبلیغی جماعت کے اراکین میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ایران سے آنے والے زائرین کو پنجاب حکومت نے ڈیرہ غازی خان، ملتان اور فیصل آباد میں قائم قرنطینہ سنٹرز میں رکھا ہے۔ ملتان میں موجود زائرین میں سے 457 ایسے ہیں جن میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ڈیرہ غازی خان میں 221 جبکہ فیصل آباد میں 23 زائرین کے کورونا کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔پنجاب کا دارالحکومت اور آبادی کے لحاظ سے صوبے کا سب سے بڑا شہر لاہور کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 445 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ گجرات میں 136، راولپنڈی میں 71، رحیم یار خان میں 41 اور گوجرانوالہ کے 38 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں